منگلورو،31؍جنوری (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66کی توسیع کا کام جہاں تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے اس کے ساتھ ہی ٹول وصولی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ اب31؍ جنوری کی نصف شب میں یعنی یکم فروری کی شروعات کے ساتھ کنداپور سے کاسرگوڈ تک کے فاصلے میں سفر کرنے والی موٹر گاڑیوں کو چار مقامات پر ٹول ادا کرنا لازمی ہوجائے گا۔
نیشنل ہائی وے اتھاریٹیز کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق اب ہیجماڈی، گنڈمی اور تلپاڈی کے مقامات پر نئے ٹول پلازہ میں وصولی شروع ہوجائے گی۔اس سے پہلے سورتکل کے قریب ٹول وصولی ہورہی تھی۔ان ٹول ناکوں پر گاڑیوں کے لئے جو ٹول مقرر کیا گیا ہے وہ کچھ اس طرح ہے: کار، جیپ اور وین کے لئے ایک رخی سفر پر 40،30،اور35روپے اور دو رخی سفر کے لئے 60،45،اور50روپے بالترتیب ہونگے۔
بسوں اور ٹرکوں کے لئے گنڈمی میں ایک رخی 130اوردو رخی سفر کے لئے195روپے ہونگے۔ جبکہ ہیجماڈی میں ایک رخی 105اوردورخی160روپے ہونگے، اور تلپاڈی میں ایک رخی 110اور دورخی165روپے ہونگے۔اس کے علاوہ ماہانہ پاس کا سسٹم بھی جاری کیا گیاہے جس کے تحت ایک مقررہ رقم ادا کرنے کے بعد پاس حاصل کرنے والی گاڑیوں کو مہینے میں پچاس مرتبہ ٹول ناکہ سے گزرنے کی اجازت رہے گی۔نوٹی فکیشن میں ایک رعایت مقامی لوگوں کے لئے بھی دی گئی ہے۔ جس کے مطابق ٹول ناکہ سے 20کیلومیٹر کے احاطے میں رہائش پذیر افراد کے لئے تجارتی مقصد (کمرشیل ) سے رجسٹر کی گئی گاڑیوں کو بھی رعایتی پاس دی جائے گی۔ایسی گاڑیوں کے لئے ماہانہ رعایتی فیس235روپے مقرر کی گئی ہے۔